ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اویسی کو بی جے پی کا چچا جان بتانے پر مجلس برہم، پوچھا مظفرنگر فساد کے وقت کہاں چھپے تھے ٹکیت؟

اویسی کو بی جے پی کا چچا جان بتانے پر مجلس برہم، پوچھا مظفرنگر فساد کے وقت کہاں چھپے تھے ٹکیت؟

Thu, 16 Sep 2021 10:48:41    S.O. News Service

لکھنؤ، 16؍ستمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) اسد الدین اویسی کو کسان لیڈر راکیش ٹکیت کی جانب سے بی جے پی کا چچا جان قرار دینے پر مجلس اتحاد المسلمین برہم ہو گئی ہے اور پارٹی کے ترجمان نے کرارا جواب دیا ہے- اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ترجمان سید عاصم وقار نے کہا کہ ٹکیت کا ایک بیان آیا ہے جس میں وہ اویسی صاحب کو بی جے پی کا چچا جان قرار دے رہے ہیں اور انہیں بی جے پی کی ٹیم کا حصہ بتا رہے ہیں - لیکن انہیں یہ بتانا چاہئے کہ مظفرنگر فسادات کے وقت ٹکیت کہاں چھپے بیٹھے تھے-عاصم وقار نے کہا کہ راکیش ٹکیت کتنے سکیولر ہیں، یہ انہیں اور ان کے لوگوں کو بخوبی معلوم ہے-2017ء اور2019کے انتخابات میں ٹکیت بی جے پی کو جتانے کیلئے کام کر رہے تھے اور ان کیلئے ووٹ مانگ رہے تھے- ٹکیت مسلمانوں کے کندھے پر بیٹھ کر سیاسی سفر طے کرنا چاہ رہے ہیں - آج آپ اسٹیج پر چڑھ کر جاٹوں کی طرف سے اللہ اکبر کے نعرے بلند کر رہے ہیں لیکن جب مظفر نگر میں فسادات ہوئے تھے تو ٹکیت کہاں چھپ کر بیٹھے تھے- اس وقت لوگ نعرے لگاتے ہوئے قتل عام میں ملوث تھے-وقار کے مطابق ٹکیت نے اس وقت کوئی امن کیلئے اپیل نہیں کی تھی- آج ٹکیت ہمیں بی جے پی کی بی ٹیم قرار دے رہے ہیں - ادھر کانگریس نے ٹکیت کے بیان کی حمایت کی ہے- کانگریس کے مقامی لیڈروں نے کہا ہے کہ بی جے پی کیلئے ماحول تیار کرنے کی غرض سے اویسی جگہ جگہ پہنچ رہے ہیں -خیال رہے کہ باغپت میں ایک جلسہ عام کے دوران 14ستمبر کو ٹکیت نے کہا تھا کہ بی جے پی کے چچا جان اسد الدین اویسی یوپی میں گھس آئے ہیں - اگر اویسی بی جے پی کے خلاف بھی بولیں گے تو بھی ان کے خلاف کوئی کیس درج نہیں ہوگا- قبل ازیں،5ستمبر کو مظفر نگر مہاپنچایت کے وقت راکیش ٹکیت نے اسٹیج سے ہندو-مسلم اتحاد کی بات کی تھی اور بی جے پی کو ہرانے کیلئے سبھی سے یکجا ہونے کی اپیل کی تھی-


Share: